1. |
جب (سب) آسمانی کرّے پھٹ جائیں گے |
2. |
اور اپنے رب کا حکمِ (اِنشقاق) بجا لائیں گے اور (یہی تعمیلِ اَمر) اُس کے لائق ہے |
3. |
اور جب زمین (ریزہ ریزہ کر کے) پھیلا دی جائے گی |
4. |
اور جو کچھ اس کے اندر ہے وہ اسے نکال باہر پھینکے گی اور خالی ہو جائے گی |
5. |
اور (وہ بھی) اپنے رب کا حکمِ (اِنشقاق) بجا لائے گی اور (یہی اِطاعت) اُس کے لائق ہے |
6. |
اے انسان! تو اپنے رب تک پہنچنے میں سخت مشقتیں برداشت کرتا ہے بالآخر تجھے اسی سے جا ملنا ہے |
7. |
پس جس شخص کا نامۂ اعمال اس کے داہنے ہاتھ میں دیا جائے گا |
8. |
تو عنقریب اس سے آسان سا حساب لیا جائے گا |
9. |
اور وہ اپنے اہلِ خانہ کی طرف مسرور و شاداں پلٹے گا |
10. |
اور البتہ وہ شخص جس کا نامۂ اعمال اس کی پیٹھ کے پیچھے سے دیا جائے گ |
11. |
تو وہ عنقریب موت کو پکارے گا |
12. |
اور وہ دوزخ کی بھڑکتی ہوئی آگ میں داخل ہوگا |
13. |
بیشک وہ (دنیا میں) اپنے اہلِ خانہ میں خوش و خرم رہتا تھا |
14. |
بیشک اس نے یہ گمان کر لیا تھا کہ وہ حساب کے لئے (اللہ کے پاس) ہرگز لوٹ کر نہ جائے گا |
15. |
کیوں نہیں! بیشک اس کا رب اس کو خوب دیکھنے والا ہے |
16. |
سو مجھے قَسم ہے شفق (یعنی شام کی سرخی یا اس کے بعد کے اُجالے) کی |
17. |
اور رات کی اور ان چیزوں کی جنہیں وہ (اپنے دامن میں) سمیٹ لیتی ہے |
18. |
اور چاند کی جب وہ پورا دکھائی دیتا ہے |
19. |
تم یقیناً طبق در طبق ضرور سواری کرتے ہوئے جاؤ گے |
20. |
تو انہیں کیا ہو گیا ہے کہ (قرآنی پیشین گوئی کی صداقت دیکھ کر بھی) ایمان نہیں لاتے |
21. |
اور جب ان پر قرآن پڑھا جاتا ہے تو (اللہ کے حضور) سجدہ ریز نہیں ہوتے |
22. |
بلکہ کافر لوگ (اسے مزید) جھٹلا رہے ہیں |
23. |
اور اللہ (کفر و عداوت کے اس سامان کو) خوب جانتا ہے جو وہ جمع کر رہے ہیں |
24. |
سو آپ انہیں دردناک عذاب کی بشارت دے دیں |
25. |
مگر جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کرتے ہیں ان کے لئے غیر منقطع (دائمی) ثواب ہے |